لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوﺅں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوﺅں نے شادباغ میں افضل کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 12 لاکھ روپے، شیراکوٹ میں خضر حیات کے گھر سے 10 لاکھ جبکہ کاہنہ میں رانا غفور کے گھر سے 8 لاکھ روپے اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ٹاﺅن شپ کالج روڈ پر ڈاکوﺅں نے شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے عزیز کے اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 7 لاکھ کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون، بیڈن روڈ پر شاہد کے اہلخانہ کو گھر کی دہلیز پر گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے نقد، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لیا۔ فیکٹری ایریا میں ڈاکوﺅں نے رانا عثمان سے ایک لاکھ روپے اور موبائل، مانگا منڈی میں عامر حسین سے موٹر سائیکل، 50 ہزار اور موبائل، شادباغ میں عمیر سے موٹر سائیکل، 15 ہزار روپے اور موبائل، جوہر ٹاﺅن میں وقار کی موٹر سائیکل، پرس اور موبائل، ماڈل ٹاﺅن میں بلال احمد سے 75 ہزار اور موبائل، سبزہ زار میں حسن سے 30 ہزار اور موبائل لوٹ لیا۔ چوروں نے برکی میں ملک اشفاق کے گھر کے تالے توڑ کر 20 لاکھ روپے کے طلائی زیورات، نقدی اور الیکٹرانک کا سامان، ستوکتلہ میں بلال کے گھر کے تالے توڑ کر 110 لاکھ کے زیورات، نقدی اور الیکٹرانکس کا سامان، ڈیفنس اے میں خضر کے گھر سے 6 لاکھ روپے کے زیورات، نقدی، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان چور کر لیا۔ چوروں نے شادمان میں محمد اسلم، ساندہ میں عدنان، ساندہ میں وقاص، شادباغ میں محمد آصف، سمن آباد میں سے عمران کی کاریں، ساندہ میں سے عباس کی پک اپ جبکہ شہزاد، احسن، بدر، اسد، امتیاز، عباس کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔