اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نےکی۔ دوران سماعت آئی جی پنجاب نے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی کہ توقیرصادق کی فیملی نیپال چلی گئی ہے اور شاید توقیر صادق بھی نیپال فرارچکے ہیں۔ ان کی گرفتاری کیلئے مشترکہ ٹیم نیپال بھجوا دی ہے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے استفسار کیا کہ ائیر پورٹ پر پولیس اورکیمرے لگے ہوتے ہیں توقیرصادق کیسے نیپال چلاگیا۔ آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ ایئر پورٹ پر پولیس نہیں، ایف آئی اے تعینات ہوتی ہے۔ جسٹس جواد نے مزید کہا کہ نیپال جو ٹیم بھجوائی ہے اس نے آپ کو اب تک کیا رپورٹ دی، جس پرآئی جی پنجاب کوئی جواب نہیں دے سکے اور خاموش رہے۔ جسٹس جواد نےکہا کہ ہم تو سمجھ رہےتھے کہ آپ توقیر صادق کی گرفتاری کی رپورٹ دیں گے۔ جسٹس جواد نےمزید استفسار کیا کہ توقیر صادق کی فیملی کون سی ایئر لائن کی پرواز سے نیپال گئی ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے سے ایئرپورٹ کے کیمروں اور فنگر پرنٹس کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔