فائرنگ کے واقعات میں 2 لڑکیوں سمیت 3 افراد قتل ‘ نوجوان کی پھندہ لگی نعش برآمد

لاہور، فیروز والا (نامہ نگاران + سٹاف رپورٹر) دو لڑکیوں سمیت 3 افراد کو قتل کردیا گیا، گھر سے نوجوان کی پھندہ لگی نعش برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چاہ میراں مصری شاہ کا رہا ئشی 23سالہ محسن اکرم مقامی بیکری میں ملازمت کر تا تھا۔گزشتہ روز وہ شادباغ کے علاقہ میں ایک فش شاپ کے باہر کھڑاتھا کہ وہاں مو ٹر سا ئیکل سوار دو نامعلوم افردا آئے اورانہوں نے فا ئرنگ کرکے محسن شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ۔زخمی محسن اکرم کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جا نبر نہ ہو سکا اور اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ شاہ دی کھوئی جوہر ٹائون میں 18سالہ بلال اور اس کابھائی اظہراپنی فیملی کے ہمراہ کرا ئے کے مکان میں رہا ئش پذیر تھے۔ اظہر ایک پرائیویٹ تعلیمی ادارے کی کینٹین میں ملازمت کر تا تھا ۔اظہر چند روز قبل اپنی بیوی کے ہمراہ اپنے گائوں گجرات چلا گیا تھا۔گذشتہ روز جب اظہرواپس گھر پہنچا تو دروازہ اندر سے بند تھا۔جس پر اظہر نے روشن دان کے ذریعے کمرے کے اندر جھا نکا تو کمرے میں بلال کی گلے میں پھندہ لگی لاش پنکھے سے جھول رہی تھی ۔جس پر اظہر نے پولیس کو اطلا ع کی۔ جو ہر ٹائون پولیس نے بلال کی لاش قبضے میں لے کر مردہ خانے بھجوادی ۔ شاہدرہ ٹائون کے محنت کش غلام عباس کی پندرہ سالہ بیٹی عائشہ بی بی گھر میں اکیلی تھی کہ نامعلوم نے اس کے گھر میں گھس کر اسے زبردستی اغوا کرکے فرار ہوگئے۔ نامعلوم ملزمان نے مغویہ کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد اس کی نعش دریائے راوی کے کنارے پھینک دی۔ قصبہ گجراں میں رشتہ نہ ملنے پر نوجوان نعمان نے اپنے چچا کی 8 سالہ بیٹی خدیجہ کو گھر کے اندر ہی گولی مار کر ہلاک کردیا۔

ای پیپر دی نیشن