اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + اے پی اے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مشرف کی فوج کو اپنے دفاع کیلئے استعمال کرنے کی کوشش قابل نفرت ہے۔ ٹوئٹر پر دئیے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مشرف کا غداری کیس میں دفاع کرنا بھی غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے ریمارکس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمر کے اقدامات کی پاک فوج کبھی حمائت نہیں کر سکتی، آج پورا ملک ایک آمر کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے، غداری کیس کا فیصلہ آنے کے بعد کوئی بھی آئین توڑنے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنے انٹرویو میں 3 نومبر کے اقدامات اور غداری کیس میں پاک فوج کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کی ہے جو کہ انتہائی قابل نفرت اور مایوس کن ہے۔