لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے تقرر و تبادلے کرنے کیلئے الیکشن کمشن سے اجازت مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی آئی جی سپیشل برانچ و دیگر اعلیٰ عہدوں پر افسران کی تعیناتی ضروری ہے لہٰذا تقرر و تبادلے کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ الیکشن کمشن کو خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت محکمہ صحت کے محمد خان رانجھا کو وزیر اعلیٰ کا ایڈیشنل سیکرٹری مقررکرنا چاہتی ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابی شیڈول کیساتھ تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کر دی تھی اس لئے وزیر اعلیٰ آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری کے تقرر کے لئے اجازت دی جائے۔ یاد رہے کہ ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ نے ایڈیشنل جاوید اسلم کی ڈی آئی جی سپیشل برانچ تعیناتی کی منظوری دیدی ہے تاہم الیکشن کمشن کی اجازت تک اس کا نوٹیفکیشن نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے تقرر و تبادلوں کے لئے الیکشن کمشن سے اجازت مانگ لی
Dec 31, 2013