2013ئ: لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کو گیٹ اِنکم 4 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد وصول ہوئے

لاہور(چودھری اشرف) 2013ء کا سال لاہور چڑیا گھر کیلئے خوش قسمت رہا۔ انتظامیہ کو سال بھر میں گیٹ اِنکم کے طور پر 4 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد وصول ہوئے جو گذشتہ سال کے میں 40 لاکھ روپے سے زائد ہیں۔ سال 2013ء میں لاہور چڑیا گھر سیر کیلئے آنیوالے افراد کی تعداد 39 لاکھ 20 ہزار 608 رہی جس میں 29 لاکھ 13 ہزار بڑے اور 9 لاکھ 79 ہزار سے زائد بچے رہے۔ گذشتہ سال 2012ء میں لاہور چڑیا گھر کو گیٹ اِنکم کے طور پر 4 کروڑ 49 لاکھ 85 ہزار 410 روپے وصول ہوئے تھے۔ 2013ء میں لاہور چڑیا گھر میں کوئی نیا جانور نہیں خریدا گیا جبکہ مختلف پارکس سے جانوروں اور پروندوں کا تبادلہ کیا جاتا رہا۔ لاہور چڑیا گھر کے پارکنگ سٹینڈ سمیت متعدد ٹھیکے بھی دیئے گئے جن میں سب سے زیادہ آمدنی کا ذریعہ پارکنگ سٹینڈ رہا جبکہ کینٹین کا ٹھیکہ گذشتہ کئی سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی پرانی پارٹی کے حصے میں آیا۔ لاہور چڑیا گھر میں اونٹ سواری کا ٹھیکہ تاریخ کے بلند ترین ریٹ میں گیا جہاں ٹھیکیدار کا ٹھیکہ 25 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو گیا جس کی وجہ یہ تھی اونٹ سواری کے لیے بولی دینے والی پارٹی ٹھیکہ وصول کرنے کے بعد بھاگ گئی۔ لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نعیم بھٹی نے نوائے وقت کو بتایا گذشتہ سال کے مقابلے میں شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال قدرے بہتر رہی ہے جس سے سیر کیلئے آنیوالے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا جو گیٹ انکم میں اضافہ کا بھی باعث بنی۔ 2014ء میں لاہور چڑیا گھر کی انکم میں اضافہ کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن