لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب میں سال 2013ء کے دوران ہر ایک گھنٹے 24منٹ بعد ایک شہری کو قتل کیا گیا ہے جبکہ جرائم کی شرح میں اتنی تیزی سے اضافہ ہو ا کہ صوبہ بھر کے تھانوں میں مختلف جرائم کے 3 لاکھ 93 ہزار 2 سو 8 مقدمات درج کئے گئے۔ جن میں قتل، اقدام قتل، اغوا، اغوا برائے تاوان، ریپ اور دیگر جرائم کے 57 ہزار 8 سو 82جبکہ ڈکیتی، راہزنی، نقب زنی، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، دیگر وہیکلز چھیننے اور مویشی چوری کے1لاکھ 13مقدمات شامل ہیں۔ لاہور کے تھانوں میں مختلف جرائم کے74 ہزار2سو 12 مقدمات درج کئے گئے۔ اہم واقعات میں پرانی انارکلی ٹورسٹ سٹریٹ میں دو دفعہ خود کش دھماکوں میں ہلاکتیں۔ لاہور میں سانحہ جوزف کالونی میں عیسائی بستی نذر آتش کرنے کے علاوہ پنڈی میں یوم عاشور کے جلوس کے موقع پر شرپسندی کے واقعہ میں راجہ بازار نذر آتش اور11افراد کی ہلاکتوں کا سانحہ، مغلپورہ میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کا دلخراش واقعہ، راوی روڈ میں اہلسنت و الجماعت پنجاب کے صدر حافظ شمس الرحمن معاویہ جبکہ ایف سی کالج کے سامنے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ملتان کے رہنما علامہ ناصرعباس کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ معروف اداکارہ انجمن کے شوہر مبین ملک کے قتل کا واقعہ بھی پیش آیا۔
2013ئ: پنجاب میں جرائم بڑھ گئے، 3لاکھ 93ہزار سے زائد مقدمات کا اندراج
Dec 31, 2013