ملتان (آن لائن) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک مڈٹرم الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا تاہم حکمرانوں کو چاہئے کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ترک کردیں بصورت دیگر انہیں شدید ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سابق چیف سیکرٹری سندھ اعجاز چودھری کے والد چودھری محی الدین کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مشرف کا ٹرائل 12 اکتوبر 1999 ء سے ہونا چاہئے۔ انصاف مجھے نہیں ملا، مجھے نہیں معلوم کہ کس آئین کے تحت نکالا گیا۔ بلاول بھٹو نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں جنوبی پنجاب کی محرومیوں اور خودمختاری کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے اپنی وزیراعظم کے عہدے سے برطرفی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کی ہوئی ہے اور دو مرتبہ سابق چیف جسٹس کے روبرو پیش بھی ہوچکا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں سے ڈرون حملے بند نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے اور اس جمہوریت کیلئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں، میں نیب سے ڈرنے والا نہیں ، کوئی غلط کام نہیں کئے ، مجھے استثنیٰ حاصل ہے۔
ملک مڈٹرم الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا: یوسف رضا گیلانی
Dec 31, 2013