بلدیاتی آرڈیننس : زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو متحدہ کیساتھ دوبارہ مذاکرات کی ہدایت کر دی

 لاڑکانہ( نوائے وقت نیوز) پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔ آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ایم کیو ایم کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق نوڈیرو میں سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی جس میں بلدیاتی آرڈیننس سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بلدیاتی آرڈیننس پر ایم کیو ایم کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایک مذاکراتی کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، نثار کھوڑو، اویس مظفر اور منظور وسان شامل ہوں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کرے اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں۔دریں اثناء سابق صدر نے وزیراعلیٰ کو بلدیاتی آرڈیننس پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...