لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت آ ج 31 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف متعدد درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نئی حلقہ بندیاں کرانے کے حوالے سے معاملہ عدالت میںزیر التوا ہے۔ عدالتی فیصلہ آنے تک بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 10 اے آئین کے آرٹیکل 17 سے متصادم ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے عدالتی فیصلہ آنے تک بلدیاتی انتخابات کا شیڈول کالعدم قرار دیا جائے اور الیکشن کمشن کو بلدیاتی انتخابات روکنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ نے کہا کہ نئی حلقہ بندیاں بلدیاتی ایکٹ کی رو سے کی گئیں ہیں جسکی حیثیت کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اس میں ترامیم نہیں کی جا سکتیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج 31 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔