2013ئ: خودکش حملوں میں اضافہ ہوا، 701 افراد جاں بحق، 1582 زخمی ہوئے

اسلام آباد (ثناء نیوز) ریاست مخالف تشدد پر نظر رکھنے والے ادارے کانفلکٹ مانیٹرنگ سنٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2013 ء میں خود کش حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 2010 ء کے بعد اس سال خود کش حملوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ سی ایم سی کے اعدادوشمار کے مطابق 2013 ء کے دوران پاکستان میں 47 خود کش حملے ہوئے جن میں 701 افراد جاں بحق  جبکہ 1582 زخمی ہوئے۔ مرنے  والوں میں 451 عام شہری‘سکیورٹی فورسز کے 129اہلکار‘ چھ حکومت نواز مسلح رضاکار اور 115 شدت  پسند شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 1347 عام شہری‘ 225 سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور دس جنگجو شامل ہیں۔ نائن الیون کے بعد سے اب تک پاکستان میں 576 خود کش حملے ہو چکے ہیں جن میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5710 ہو گئی ہے۔ 2013 ء میں ہونے والے 47  خود کش حملوں میں سے چھ فوج  جبکہ ایف سی  اور پولیس کے خلاف آٹھ آٹھ حملے ہوئے۔ 2011 ء میں فوج پرچار خود کش حملے جبکہ 2012ء میں صرف ایک حملہ ہوا تھا‘ ایف سی اور رینجرز کے خلاف 2012 ء میں چار خود کش حملے ہوئے تھے جبکہ 2013 ء میں اس تعداد میں دوگنا اضافہ ہوگیا۔ پولیس پر ہونے والے خود کش حملوں کی تعداد میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوئی۔ 2013ء میں بھی عبادت گاہوں اورجنازوں پر خود کش حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔  نماز جنازہ کے دو اجتماعات پر خود کش حملے  ہوئے جبکہ   مساجد اور امام بارگاہوں پر چار خود کش حملے ہوئے ایک خود کش حملہ چرچ پر کیا گیا۔ سیاستدان بھی خود کش حملوں کی زد میں آئے۔ پیپلز پارٹی‘ اے این پی‘ پی ٹی آئی‘ اے این پی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن خود کش حملوں کی زد میں آئے۔ پشاور ہائی کورٹ‘ سردار بہادر خان یونیورسٹی کوئٹہ‘ بولان ہسپتال کوئٹہ اور باجوڑ میں بھی ایک ہسپتال خود کش حملوں کا نشانہ بنے۔ سول سرکاری اعلیٰ افسران بھی خود کش حملوں کی زد میں آئے جن میں کمشنر پشاور اور خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شامل ہیں۔ 2013 ء کے دوران  خود کش حملوں میں وی آئی پی شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے کئی حملے کیے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے‘   ایف سی بلوچستان‘ آئی جی ایف سی‘ صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈا پور اور دیگر شامل ہیں۔  آئی ایس آئی کے خلاف بھی سکھر میں ایک  خود کش حملہ کر کے اس کے دفاتر کو زمین بوس کر دیا۔ سال 2013 ء کے دوران 47 فیصد خودکش  حملے  خیبر پی  کے  میں ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن