اسلام آباد(ثناء نیوز) سال2013 میں پاکستان کے خطے سمیت دنیا کے ا ہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی۔ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتر اور سٹرٹیجکڈائیلاگ میں ورکنگ گروپس کے اہم اجلاس ہوئے۔ چین سال2013 میں بھی پاکستان کے دوست ممالک میں سرفہرست رہا۔ بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی آئی جبکہ ڈی جیز ملٹری آپریشنز کی اہم ملاقات بھی ہوئی۔ثناء نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2013ء میں نئی حکومت کے قیام کے علاوہ پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں خاصی بہتری نظرآئی ہے ۔ نیویارک میں پاکستان بھارت وزراء اعظم کی ملاقات کے بعد مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا دورہ بھارت اور دونوں ممالک کے ڈی جیز ملٹری آپریشنز کے درمیان ملاقات کے بعد کشیدگی کم ہوئی ہے ۔ ملابراد ر سمیت اہم طالبان رہنمائوں کی رہائی اور افغان اعلیٰ امن کونسل کے وفد کی پاکستان آمد نے تعلقات کو مزید بہتر بنایا جبکہ اس حوالے سے اہم بات افغان صدر حامدکرزئی کا دورہ پاکستان اور وزیراعظم محمدنوازشریف کا دورہ افغانستان بھی ہے ۔ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ اگرچہ امر یکی پابندیوں سے پہلے التوا کا شکار تھا لیکن پھر پاکستان نے منصوبے پر تیزی سے کام شروع کردیا ہے ۔خطے کے اہم ملک چین کے ساتھ ایٹمی پاور پلانٹس، خنجراب سے کراچی ٹریڈ روٹ سمیت اہم منصوبوں پر ہونیو الی پیشرفت دوستی میں مضبوطی کی واضح مثال ہے دوسری جانب بنگلہ دیش کے ساتھ عبدالقادر ملا کی پھانسی کے بعد حالات کشیدہ نظرآرہے ہیں کیونکہ اس پھانسی کے خلاف پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی قرارداد کو بنگلہ دیش میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ترکی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی، سرمایہ کاری ،توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے روس کے ساتھ بھی دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملا ۔