ماسکو (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ بی بی سی) روس کے شہر وولگوگراڈ میں دوسرے روز بھی ایک بس میں خودکش حملے میں 15افراد ہلاک اور 23زخمی ہو گئے۔ اتوار کو شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن پر خودکش حملے میں 17افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ دھماکہ پیر کی صبح زیرزنسکی کے علاقے میں ایک بازار کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر میں تباہ شدہ بس اور لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس اور امدادی اداروں کے کارکن جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں اور نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک اس دھماکے میں 15افراد کی ہلاکت اور 23کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ روس کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں دھماکوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ وولگوگراڈ ماسکو سے 9سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہاں ماضی میں بھی شدت پسند کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ روسی حکام کے مطابق چلتی بس میں اچانک بم دھماکہ ہو گیا، علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفتیشی حکام نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واضح رہے 40 روز بعد روسی شہر سوچی میں موسم سرما کے اولمپکس گیمز کا انعقاد ہونے جا رہا ہے تاہم یکے بعد دیگرے ان دھماکوں کے باعث اولمپکس کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے بھی مذمت کی ہے۔