سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت مزید 224 مشتبہ افراد گرفتار

Dec 31, 2014

لاہور + ہری پور + فیصل آباد (نامہ نگار + نمائندگان + نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) ملک کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے دوران افغان باشندوں سمیت مزید 224 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہری پور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور حساس اداروں نے افغان مہاجرین کیمپ کے مدرسے میں کارروائی کی۔ سرچ آپریشن کے دوران 150 افغان باشندے گرفتار کر لئے گئے۔ حراست میں لئے گے تمام افراد کو کھلابٹ ٹاؤن شپ کے تھانہ سے کوٹ نجیب اللہ تھانہ میں منتقل کر دیا گیا۔ ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے منگل باغ کا قریبی ساتھی رحمت اللہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں قانون نافذ کرنے والے ا داروں نے چندرائے گاؤں میں چھاپہ مار کر4مشکوک افراد جبکہ شاہدرہ پولیس نے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث دریا راوی کے قریب رہائش پذیر14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ چندرائے گاؤں سے گرفتار ہونے والے چاروں افراد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے بتایا جاتا ہے۔ شاہدرہ پولیس نے دریا راوی کے قریبی علاقوں پٹھان کالونی ،کچی آبادی حسن پارک میں سرچ آپریشن کے دوران 14مشکوک افراد کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں کے پاس شناختی کارڈز یا کوئی شناختی دستاویزات موجود نہ تھیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق طارق آباد سے پولیس نے 11افغانی باشندوں کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں پر سرچ آپریشن کرکے 5 افغان باشندوں اور 27 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔ ادھر بھلوال میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ بھکر اور میانوالی سے بھی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں