لاہور (مبشر حسن/ دی نیشن رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری اور ان کے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات کی خبریں 18 نومبر کو بلاول کی تقریر کے بعد سامنے آئیں جس پر سابق صدر نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ دی نیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اختلافات کی بات میں کچھ حقیقت اور کچھ افسانہ والی بات ہے ایک پارٹی رہنما کے مطابق دونوں باپ بیٹے میں پارٹی معاملات پر اختلافات ہو سکتے ہیں تاہم ان کے والد اور بیٹے کے رشتے میں کوئی دراڑ نہیں اور دونوں پچھلے ہفتے لندن میں اکٹھے تھے۔ اس حوالے سے زرداری نے بے نظیر شہید کی برسی کے موقع پر بھی اسے مخالفین کی افواہ قرار دیا جبکہ اس دوران بلاول نے ٹویٹ کیا کہ زرداری کمان اور میں تیر ہوں جبکہ زرداری کے ایک قریبی رہنما کے مطابق بلاول نے یہ ٹویٹ خود نہیں کیا بلکہ اس کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرنے پر بھی اس نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ آصفہ بھی برسی کی تقریب میں شرکت کے لئے نہیں آئیں ایک اور پارٹی رہنما کے مطابق بلاول پارٹی کے معاملات میں فری ہینڈ چاہتے ہیں اور اپنی پھوپھی کی مداخلت کو پسند نہیں کرتے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ کے حوالے سے بھی بلاول کے تحفظات ہیں۔