اسلام آباد (جاوید الرحمن/ دی نیشن رپورٹ) موجودہ حکومت کو ملک میں داعش پر قابو پانے کیلئے فوری اینٹی داعش ٹاسک فورس قائم کرنی چاہئے۔ حکومت کو ملک کے مختلف حصوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں داعش کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کیخلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔ دی نیشن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ داعش القاعدہ کے نقش قدم پر چل رہی ہے، اس کے ہمدرد طالبان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جو ان کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا داعش کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کی جانی چاہئے۔ داعش کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کی جانی چاہئے۔ رحمن ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب، کراچی، کہوٹہ اور گوجرانوالہ میں داعش سرگرم عمل ہے۔ آئی ایس آئی ایس کے رہنما ابوبکر البغدادی نے تقریباً آدھا سال طالبان کے ساتھ گزارا اور اس کے حمایتی بھی تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اطلاعات دیں کہ ملک کے مختلف علاقوں میں داعش وال چاکنگ اور جھنڈے موجود ہیں۔
داعش سے نمٹنے کیلئے حکومت ’’اینٹی داعش ٹاسک فورس‘‘ بنائے: رحمن ملک
Dec 31, 2014