ملتان (آن لائن) ملتان میں نیشنل بنک میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک گارڈ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ملتان کے علاقہ نواب پور روڈ پر واقع نیشنل بنک میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح ڈاکو بنک میں گھس گئے۔ سیکیورٹی گارڈ کی مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ عبد الستار موقع پر جاں بحق اور ایک گارڈ زخمی ہوگیا۔ ڈاکووں نے بنک عملے کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹی اور فرار ہو گئے۔ زخمی گارڈ کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔