لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگاران) پنجاب اور سندھ کی کئی یونین کونسلوں میں گزشتہ روز مختلف وجوہات کی بناء پر ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولنگ ہوئی۔ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں 31 یونین کونسلوں میں سے 27 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 8، آزاد امیدوار 10 نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف نے 7، پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ نے ایک ایک سیٹ جیتی۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق سندھ کی 177 میں سے 156 نشستوںکے نتائج میں پیپلز پارٹی نے 118 سیٹیں جیتیں۔ متحدہ کے 17 امیدوار کامیاب ہوئے۔ آزاد 3 اور مسلم لیگ (ف) نے ایک سیٹ جیتی۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق یونین کونسل 31 وارڈ نمبر 3 میں آزاد امیدوار محمد الطاف 386 ووٹ لیکر جنرل کونسلرمنتخب ہو گئے جبکہ پولنگ سٹیشن پرائمری سکول کوٹ بوٹا سنگھ میں جعلی ووٹ کاس ٹکرتے ہوئے ایک شخص تنظیم ولد لیاقت کو پولنگ عملہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ علاوہ ازیں ننکانہ صاحب کی یونین کونسل 24 کی وارڈ نمبر 5 میں بلدیاتی انتخابات غلط بیلٹ پیپر کی اشاعت کی وجہسے ملتوی کردیا گیا۔ حالیہ بلدیاتی الیکشن کے دوران ننکانہ صاحب کی 14 مختلف یونین کونسلوں کی وارڈز میں مختلف وجوہات کی بنا پر الیکشن نہ ہو سکے تھے جن پر گزشتہ روز الیکشن ہونا تھے۔ بیلٹ پیپر پر دونوں امیدواروں کے نشانات بدل دیئے گئے اور رانا محمد اکرم کے انتخابی نشان پریشر ککر کی جگہ ریچھ اور رانا محمد صفدر خان کے انتخابی نشان ریچھ کی جگہ پریشر ککر پرنٹ کردیا گیا جس پر امیدواروں نے احتجاج کیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی 4 اور ضلع کونسل کی 2 وارڈز کے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں جنرل کونسلر کی نشستوں کے غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ (ن) کوئی سیٹ حاصل نہ کر سکی، 5 نشستوں پرآزاد امیدوار جبکہ ایک پر پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔ یو سی 32 کھیالی شاہ پور کی وارڈ نمبر 4 سے آزاد امیدوار افتخاراحمد چشتی کامیاب ہو گئے۔ یو سی 39 نوشہرہ روڈ کی وارڈ نمبر 6 سے آزاد امیدوار عدنان وڑائچ، یو سی 41 گلہ گامے ٹھیکیدار والا کی وارڈ نمبر 4 سے آزاد امیدوار صادق مہر جنرل کونسلر منتخب ہوئے۔ ضلع کونسل یو سی 9 بھروکی چیمہ کی وارڈ نمبر 5 سے آزاد امیدوار ظفر ریاست 455 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ یو سی 66 ماڑی ٹھاکراں کی وارڈ نمبر 1 سے آزاد امیدوار ارشد گجر216 ووٹ لیکر جنرل کونسلر منتخب ہو گئے۔ جبکہ پولنگ کے دوران پی ٹی آئی کے ایجنٹ نے بیلٹ بکس سامنے نہ رکھے جانے پر سخت واویلہ کیا۔ علاوہ ازیں پولنگ کے دوران پریذائیڈنگ افسر ڈیوٹی چھوڑ کر معمر خواتین کے ووٹ کاسٹ کرواتی رہیں۔ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس سراپا احتجاج بن گئے۔ فاروق آباد سے نامہ نگار کے مطابق میونسپل کمیٹی فاوق آباد کی وارڈ نمبر 11 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ظفر علی نے 1170 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن کی یونین کونسل 36 وارڈ نمبر 3 کے بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار محمد سلیم جٹ 227 ووٹ لے کر کونسلر کامیاب ہوئے۔ علاوہ ازیں کئی یونین کونسلوں میں پولنگ کے دوران کئی مقامات پر لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ٹارچ کی روشنی میں ووٹنگ ہوئی کہیں خواتین پولنگ سٹیشن پر مردوں کو تعینات کردیا گیا۔ تھرپارکر اور ٹنڈو الہ یار میں 2 دولہو نے پہلے ووٹ کاسٹ کیا پھر شادی کی تقریب میں گئے۔