کراچی(کرائم رپورٹر) محکمہ داخلہ سندھ نے سال نو کی آمد پر کراچی میں 2دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ڈبل سواری‘ ون ویلنگ، سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے، سمندر پر جانے اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے سال نو کی آمد پر کراچی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سال نو کی آمد پر سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے والے منچلوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ دفعہ 144 کے تحت ساحل پر جانے پر بھی پابندی ہو گی جبکہ سی ویو جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیئے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سال نو کی آمد کی خوشی میں ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ پابندی 31دسمبر سے یکم جنوری ہوگی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔