ناراض بلوچوں سے مذاکرات فوج کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں: شاہ زین

Dec 31, 2015

اسلام آباد (آن لائن) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے کہا عبدالمالک حکومت کی بلوچستان میں کارکردگی زیرو تھی وہ اےک ناکام وزیر اعلی کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ نئے وزیر اعلی ثناءاللہ زہری سے توقع ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کو حقوق اور جائز حق دلوانے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی خوش آئند بات ہے لیکن دیگر قوموں کے عوام کو بلوچستان میں آباد تو کیا جا سکتا ہے ان کو ووٹ کا حق نہیں ملنا چاہئے۔ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں نوکریاں صرف مقامی لوگوں کو ملنی چاہئیں۔ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں لگی ہوئی آگ کو بجھانا چاہئے اس مقصد کے لئے بلوچستان کے مہاجرین کو واپس ان کے آبائی علاقوں میں آباد کیا جائے اور مشرف دور حکومت میں بلوچ رہنماﺅں پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں اس مقصد کے لئے وزیر اعظم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچ رہنماﺅں سے مذاکرات کرنا چاہئے اس مقصد کے لئے یہ مذاکرات فوج کی شمولیت کے بغیر ناممکن ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اور براہمداغ بگٹی کے مابین مذاکرات میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان پیکج کا نام دے کر عوام کو ٹرخا رہی ہے۔

شاہ زین بگٹی

مزیدخبریں