کراچی (نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے میئر کراچی کے اختیارات میں اضافے کیلئے واٹر بورڈ ترمیمی بل سندھ اسمبلی میں جمع کرا دیا۔ بل ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی سید خالد احمد، سید انور رضا اور جمال احمد نے سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو میئر کراچی کے ماتحت کیا جائے اور میئر کو آئین کے آرٹیکل ون 140 اے کے تحت اختیارات دیئے جائیں۔ اسکے علاوہ سندھ حکومت کو دیئے گئے اختیارات جن کے تحت وہ واٹر بورڈ کے چیئرمین اور وائس چیئرمین مقرر کر سکتی تھی وہ شق ختم کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔ مجوزہ بل کے تحت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا میئر واٹر بورڈ کا چیئرمین ہو گا جبکہ وائس چیئرمین کی نامزدگی کا اختیار سپیکر سندھ اسمبلی کو ہو گا۔ وہ کراچی سے منتخب کسی بھی رکن اسمبلی کو اس عہدے کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔