اسلام آباد (محمد نواز رضا‘وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے بدھ کو ژوب بلوچستان میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے مغربی روٹ پر ژوب مغل کوٹ روڈ اور قلعہ سیف اﷲ ڈیگم روڈ کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھ کر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سٹیک ہولڈر جماعتوں کے تحفظات دور کر دیئے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ خصوصی طیارے میں مولانا فضل الرحمان‘ محمود خان اچکزئی‘ میر حاصل بزنجو‘ مشاہد حسین سید ‘ میاں افتخار حسین اسلام آباد سے ژوب گئے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ مغربی روٹ پر دونوں سڑکوں کی اپ گریڈیشن کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعظم محمد نوازشریف کے ژوب پہنچنے پر گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیر اعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری نے ان کا استقبال کیا۔ جب وزیر اعظم پنڈال مں پہنچے تومسلم لیگی کارکنوں نے نیا نعرہ لگایا ’’نعرہ نواز‘ جیئے نواز‘ دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا‘‘ راستے میںکھڑے لوگوں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے مدلل تقریرکی اور کہا کہ ہم بلوچستان کی ترقی کے سفر میں حکومت کی پشت پر کھڑے ہوں گے۔ محمود خان اچکزئی نے اردو اور پشتو زبان میںتقریرکر کے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں تھی۔متذکرہ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں مغربی روٹ چارویہ ہوگا یعنی ہرسائیڈ پر دو دو رویہ سڑک تعمیر ہو گی اگلے مرحلے میں اسے چھ رویہ موٹر وے میں تبدیل کیا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے قلعہ سیف اللہ ۔ویگم روڈ این ستر کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ اپوزیشن سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین واحد رہنما تھے جو شریک ہوئے بڑی تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین تقریب میں موجود تھے۔