اسلام آباد(آن لائن) بھارت نے کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے کی رٹ سے پیچھے ہٹتے ہوئے اسے متنازعہ سمجھتے ہوئے افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سبکدوش ہونیوالے بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اندرونی ترقی کیلئے پاکستان سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان رشتوں میں تیزی سے تبدیلی آئی جو مثبت سمت بڑھ رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورے تعلقات میں بہتری کی علامات ہیں۔ کشمیر سمیت کسی بھی تنازعہ کے حل کیلئے ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ضروری ہے۔ کشمیر مسئلے کا حل ’’آؤٹ آف باکس‘‘یا ’’آن سائیڈ باکس‘‘ ہو سکتا ہے۔ بھارتی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں تعاون ہونا چاہیے۔