پشاور+ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد ریاست کے سامنے سر جھکائیں اور پاکستان کے بے گناہ لوگوں پر ظلم بند کردیں ورنہ عبرت ناک انجام کیلئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پشاور میں پہلے فاٹا گورنر سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان عباسی نے بھی خطاب کیا۔ فیسٹیول میں قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا جن کے لئے پردے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ صدر نے مردان میں دہشت گرد حملے کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان میں آخری سانس لے رہی ہے، اب پاکستانی عوام کو مردان جیسے بزدلانہ واقعات سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ اب کوئی ملک دشمن فاٹا کے نوجوانوں کے ہاتھ میں اسلحہ دے کر انہیں گْمراہ نہیں کرسکتا اورآپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے جس سے اب واپسی ممکن نہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملک کی اقتصادی بحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لئے یک جان ہو جائیں۔ اس موقع پر گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اوراب وہ کمین گاہوں میں چھپ کر معصوم لوگوں پر بزدلانہ حملے کررہے ہیں لیکن اب انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف بلاامتیاز کا رروائیاں جاری رہیں گی ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ،حکومت دور دراز علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز کو سہولتیں دے ،ماضی میں قرضوں کے باوجود قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، موجود ہ حکومت کے شروع کیے گئے منصوبوں سے ملک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ وہ شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف پوری قوم فوج کی پشت پر ہے، دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ، پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔