سی پیک پاکستان کیلئے ”لائف لائن“ منصوبے کی حیثیت رکھتا ہے: صدر ممنون

پشاور (آن لائن + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ سی پیک پاکستان کےلئے ” لائف لائن “ منصوبے کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کےخلاف پروپیگنڈا ملک کو نقصان پہنچانے اور عوام کو ترقی سے محروم رکھنے کی کوشش ہے ۔ وہ گزشتہ روز گورنر ہاﺅس پشاور میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے 140 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں سماجی اور اقتصادی انقلاب بر پا کریگا۔ انہوں نے بعض عناصر کی جانب سے سی پیک مغربی روٹ میں تبدیلی سے متعلق پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہو ئے کہاکہ مغربی روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک میں چائنہ کی سرمایہ کاری کا حجم 46 ارب ڈالر سے بڑھ کر 57 ارب ڈالر ہوگیا ہے جو خوش آئند ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے موجودہ حکومت کی معاشی اور سکیورٹی پالیسیوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہے اور پاکستان تیزی سے خوشحالی کی جانب بڑھ رہاہے تاہم اسے منز ل مقصود تک پہنچانے کےلئے ہم سب کو اپنے اپنے شعبوں میں محنت ‘ لگن اور دینات داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے ہونگے۔ بدعنوانی کے خلاف قومی اتحاد پیدا کرنا چاہئے اور بدعنوان عناصر کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ علاوہ ازیں صدرمملکت ممنون حسین سے قومی اسمبلی میں فاٹاکے پارلیمانی لیڈر حاجی شاہ جی گل آفریدی کی قیادت میں فاٹاپارلیمنٹیرینزکے وفد اور صوبائی اسمبلی کے ارکان نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور فاٹا اور صوبے کے عوام کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا۔گورنرخیبر پی کے انجینئراقبال ظفرجھگڑا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدر ممنون

ای پیپر دی نیشن