اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں جس کا واضح ثبوت اُن کا دوبارہ سے جلسے کرنے کا اعلان ہے کہ وہ عوام کو پانامہ کے متعلق آگاہی دیں گے ۔حالانکہ پانامہ سے متعلق کیس کو سپریم کورٹ سن رہی ہے اور وہاں ثبوت دینے کے بجائے اِدھر اُدھر کی جھوٹی کہانیاں بیان کرتے رہے ۔یہ بات اُنہوں نے ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے ونوتیا نوالی میں گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان بدقسمتی سے سیاست کو بھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا میچ سمجھ کر کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں وہ ہر سطح پر برُی طرح سے ناکام ہورہے ہیں سیاست میں صبر وتحمل ، سمجھ بوجھ اور سیاسی بصیرت کو سامنے رکھ کر ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوتے ہیں جس سے عمران خان کوسوں دور ہیں۔وفاقی وزیر نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام سیاسی طورپر بہت با شعور ہو چکے ہیں وہ بہتر جانتے ہیں کہ کون سی پارٹی کام کررہی ہے اور کون محض نعروں اور فضول اُچھل کود کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی پارٹی میں فوری طورپر سیاسی ایمرجنسی لگاتے ہوئے اپنا سار ا وقت خیبر پختونخواہ کے صوبے کی عوام پر لگانا چاہیے جنہوں نے اُن کو وہاں پر منتخب کیا ہے ۔
عمران خان صبروتحمل، سمجھ بوجھ اور سیاسی بصیرت سے کوسوں دور ہیں: برجیس طاہر
Dec 31, 2016