وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں سے گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور اس سے ملک میں معاشی استحکام آیا ہے، حکومت اب پائیدار معاشی ترقی اور شرح نمو میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے اور اس حوالے سے نیشنل فنانشل انکلویژن پالیسی اور دیگراقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد اہم کردار اد کرے گا۔ گورنرسٹیٹ بنک اشرف محمود وتھرانے کہاکہ سٹیٹ بنک کی ملکی معیشت کے حوالے سے مالی سال 2017کی رپورٹ کے تحت اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار میںاستحکام ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے گورنرسٹیٹ بنک اشرف محمود وتھرا نے ملاقات کی۔ سٹیٹ بنک کے گورنر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیشنل فنانشل انکلویژن پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے آ گاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے سٹیٹ بنک کی کا وشوں کی تعریف کی۔