لاہور (پ ر) خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے حوالے سے ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر ”ون ٹائم کلیننگ“ مہم کی مشق کو سراہا گیا۔ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صفائی کی مہم کو موثر اور فعال بنانے کے لیے بلدیاتی چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کے کردار کو متحرک کیا جائے اور انتظامیہ بلدیاتی نمائندوں کے اشتراک سے دیہاتوں میں صفائی کا دیرپا نظام تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔ بالخصوص بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق شاپنگ بیگ کے استعمال اور سیوریج سے متعلقہ امور کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا مہم بھی تشکیل دی جانی چاہیے تاکہ دور دراز کے علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو سماجی تقاضوں کا علم ہو سکے۔ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ دیہاتوں کی صفائی کے حوالے سے اس پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے فنڈز کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے اور مختلف اضلاع کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ منشاءاللہ بٹ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیاتی ملک ندیم کامران، ممبر پبلک افیئر یونٹ سمیع اللہ چودھری، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں لاہور شہر کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع کے دیہاتی علاقے شامل ہیں۔
حمزہ شہباز
”صاف دیہات پروگرام“ بلدیاتی نمائندوں کو متحرک کیا جائیگا: حمزہ شہباز
Dec 31, 2017