ملتان (خبرنگارخصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایم ڈی اے کے 25سالہ ماسٹر پلان کے تحت کمرشلائزیشن پالیسی مرتب کی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں شہر کی خوبصورتی اور انفراسٹرکچر متاثر نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سمیت تمام اداروں کوحکومت کے بلڈنگ بائی لاز پرسختی سے عمل درآمد کر نے کی ہدایت کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کمشنر آفس میں منعقدہ ضلعی پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو زاہد اکرام ،ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن سرفراز احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رضوان قدیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی زمین کو کمرشل لینڈ ڈکلیئر کر نے کے لئے ماسٹر پلان کو مد نظر رکھاجائے گا کیونکہ ماسٹر پلان اگلے 25سال تک ملتان کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بنا یا گیا ہے ۔ بلال احمدبٹ نے کہا کہ ٹریفک کے دباﺅ کو کم کر نے کے لئے اربن ٹرانسپورٹ کے استعمال کا کلچر اپنا نے کی اشد ضرورت ہے بصورت دیگر شاہراﺅں اور سڑکوں کو کشادہ کر نے کے باوجود ٹریفک مسائل چند سال میں دوبارہ بڑھ جائیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے کہا کہ پارکنگ سمیت تمام بلڈنگ بائی لاز پر پورا نہ اترنے والی کسی نجی وکمرشل عمارت کو تعمیر کا این او سی جاری نہیں کیا جائیگا ۔ضلعی ڈیزائن و ہائی لیول کمیٹی کے پلیٹ فارم سے تمام پلازوں اور ہوٹلوں کو پارکنگ کی مناسب جگہ چھوڑنے کے احکامات دیئے ہیں تاکہ شہر میں ٹریفک دباﺅ کو کم کیا جا سکے ۔نادر چٹھہ نے کہا کہ بائی لاز کی خلاف ورزی پر فوری تعمیرات مسمار کرنے کے لئے کریک ڈاﺅن کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے بعدازاں اجلاس کے ایجنڈے میں شامل 12کمرشل عمارات اور پٹرول پمپوں کو تعمیرات کرنے کے این اور سی جاری کئے گئے اور نقشوں کی منظوری دی گئی۔
کمشنر ملتان