بنکاک/نئی دہلی:مسئلہ کشمیر اور کنٹرول لائن سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر درپردہ سفارتکاری کا انکشاف ہوا ہے .اب کی بار دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان بنکاک میں اہم ملاقات سامنے آئی ہے جو دو گھنٹے تک جاری رہی ۔بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ مشیرانِ قومی سلامتی کے درمیان کسی نیوٹرل مقام پر ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں مشیروں کی ملاقات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہوئی ، پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کی 26 دسمبر کو ہونے والی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی، بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ کی بھارتی ہم منصب اجیت کمار دوول سے ملاقات کو خفیہ رکھا گیا. خیال کیا جاتا ہے کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول کے مسئلے پر بات ہوئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات بھارتی دہشت گرد کلبھوشن جادیو سے اس کی والدہ اوراہلیہ کی ملاقات کے بعد ہوئی. تاہم ملاقات کی تاریخ یا مقام کا کلبھوشن کی والدہ اوراہلیہ سے ملاقات سے کوئی تعلق نہیں،بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دونوں مشیران کی ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی جس کا فیصلہ رواں ماہ کے اوائل میں کیا گیا۔بھارت کے سرکاری ذرائع نے اس موضوع پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ این ایس اے کے دفاتر کے علاوہ دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی ملاقات سے آگاہ تھے، جی ایچ کیو راولپنڈی کو بھی اس ملاقات سے آگاہ رکھا گیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بینکاک ملاقات پاکستانی قومی سلامتی مشیر کے پاک بھارت تعلقات کے بیان کے بعد ہوئی. دونوں ممالک کے سلامتی مشیروں کے درمیان کسی تیسرے ملک میں یہ پہلی ملاقات نہیں.دسمبر 2015 میں خارجہ سیکرٹریز کی موجودگی میں بھی دونوں مشیران کی بینکاک میں ملاقات ہوئی تھی جس کے فوری بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لاہور کا سرپرائز دورہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات 26نہیں 28دسمبر کو ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ 27 دسمبر کو تھائی لینڈ روانہ ہوئے جہاں 28 دسمبر کو انہوں نے بھارتی ہم منصب اجیت دوول سے بنکاک میں ملاقات کی۔ملاقات کے حوالے سے اب تک سرکاری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ختم کرنے اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ناصر جنجوعہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آزاد کشمیر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں۔