وزارتِ پیٹرولیم نے نئے سال کی آمد سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2018رات 12بجے سے ہو گیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزراتِ پیٹرولیم کو بھجوائی تھی جس میں پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 6 پیسے، مٹی کے تیل کے دام میں 13 روپے 58 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخوں میں 5 روپے 83 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 49 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز منظور کرتے ہوئے قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے اور اب پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 6 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 96 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 96 پیسے فی لیٹربڑھا دی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت میں4روپے6 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت89.91 روپے فی لیٹر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اس کے باوجود پاکستان میں بھارت، بنگلا دیش اور ترکی کے مقابلے میں پٹرول کی قیمت کم ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اوگرا کی سفارش پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی ہے۔