اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ شفقت علی+ دی نیشن رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی اور قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقاتیں کیں ہیں ۔ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ قطر نے پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پیشکش کی قطر جلد مزید پاکستانیوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق قطر کے وزیراعظم سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قطر پاکستان کا قابل اعتبار دوست ملک ہے، باہمی روابط تیزی سے فروغ پا رہے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے، قطر کے وزیراعظم نے کہا کہ قطر کے عوام پاکستان کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں، وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، تعلیم اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے قطری وزیراعظم کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کی طرف سے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، وزیرخارجہ نے اپنے قطری ہم منصب سے مذاکرات کئے جن میں دوطرفہ باہمی تعلقات اور روابط کے فروغ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، قطر کے وزیرخارجہ نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دو ہزار بائیس کے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد کے لئے قطر کو ہر سطح پر معاونت فراہم کرے گا، تجارت میں پچھلے ایک سال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بعد ازاں پاکستانی سفارتخانے میں قطر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا اس کے علاوہ سفارتخانے میں وزیٹر بک میں تاثرات بھی بیان کئے۔اے پی پی کے مطابق پاکستان اورقطرکی قیادت نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھوتری اوراٹھان پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے مشترکہ رکاوٹوں پر قابو پانے کیلئے عملی تعاون اورہم آہنگی کی اہمیت اوروسیع تر علاقائی ترقی اورپیش رفت کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حماد الثانی اور نائب وزیر اعظم و وزیر امور خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے ملاقاتیں کیں۔ قطر کے دوران شاہ محمودقریشی نے قطر سمیت اہم ترین علاقائی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن پرروشنی ڈالی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وسیع ترعلاقائی ترقی اور پیش رفت کیلئے مشترکہ رکاوٹوں اور مشکلات پر قابوپانے کیلئے عملی تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ وزیرخارجہ شاہ نے قطر کی قیادت کو افغانستان میں قیام امن سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔افغانستان میں امن اور مصالحت کیلئے اولین بنیاد رکھنے میں امیرقطر کی دوراندیشی کو بھی سراہا۔ افغانستان اور خطے میں طویل اور دیرپا استحکام کی حالیہ کوششوں کے ضمن میں وسیع تر علاقائی ہم آہنگی کویقینی بنانے کیلئے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور باقاعدہ رابطے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ وزیرخارجہ نے قطرکی جانب سے پاکستان میں ویزہ سینٹرز کے قیام پر اطمینان کااظہارکیا اورکہا کہ ان مراکز کے قیام سے ایک لاکھ پاکستانی ورکروں کو قطر میں روزگار کیلئے بھیجنے کاکام برق رفتاری سے آگے بڑھے گا۔قطر کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں فریقین نے اقتصادی، تجارتی اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں پیش رفت میں مزید تیزی لانے پراتفاق کیا۔ یہ بات نوٹ کی گئی کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان سے قطر کو برآمدات، بالخصوص غذائی اشیاءکی برآمدات میں 70.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے قطر کی کمپنیوں کوپاک چین اقتصادی راہداری کے تحت قائم خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی پیشکش بھی کی گئیں۔ اتفاق کیا گیاکہ مشترکہ وزارتی کمیشن اور 2019ءکی پہلی سہ ماہی میں دوحہ میں دوطرفہ سیاسی مشاورت میں نئی راہیں اور مواقع ڈھونڈنے پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ حماد الثانی نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں بالخصوص علاقائی امن واستحکام، دوطرفہ اقتصادی اورثقافتی تعاون کے فروغ کیلئے امیر قطر کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ قطر وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کیلئے چشم براہ ہے، وزیراعظم پاکستان کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا آغازہوگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری ایئرپورٹ پہنچے تو چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا استقبال کیا پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے،قطر روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قطر خلیجی ممالک میں ایک اہم ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں،مجھے قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی دورہ قطر حالیہ چار ملکی دورے کے سلسلے کی کڑی ہے، قطر امن اور مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرتا رہا ہے امن اور مفاہمتی عمل میں قطر کی رائے لینا اور مشاورت ضروری ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے ملکوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے پاکستان میں قطر کے لیے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق شاہ محمود نے افغان طالبان اور امریکہ کے مذاکرات کو ثمر آور بنانے کے معاملے پر بات کی ہے۔نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی کے مطابق شاہ محمود نے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حماد التھانی سے بھی ملاقات کی۔ نائب امیر قطر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ تجارت، تعلیم و دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ شاہ محمود نے کہا کہ قطر ایک اہم ملک ہے۔ افغان مفاہمتی عمل سے متعلق قطر نے ہمیشہ پاکستانی م¶قف کی تائید کی۔ قطری وزیراعظم نے پاکستان سے دو طرفہ تجارت تعلیم اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا شاہ محمود نے قطری وزیراعظم کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کی طرف سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے معاشی بحران سے نکالیں گے ¾معاشی سفارتکاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ¾دورہ قطر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ¾ قطر کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی سود مند رہیں ¾آپ جلد بہت اچھی اچھی خوشخبریاں سنیں گے ¾خطے میں استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ان سفارتکاروں کو موقع دیں گے جو بہترین نتائج سامنے لائیں گے پاکستانی کمیونٹی سے بہتر رویہ رکھیں گے ¾ملک میں انوسٹمنٹ کو بڑھوتری دیں گے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ہمارا اہم سرمایہ ہے-آپ میں سے ہر شخص پاکستان کا سفیر ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں وزارتِ خارجہ میں منعقدہ سفراءکانفرنس کی تفصیلات سے بھی پاکستانی کمیونٹی کو آگاہ کیا۔ کمیونٹی کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کے تسلی بخش جواب بھی دے۔
شاہ محمود/ ملاقاتیں