اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا طبی معائنہ نہ کرانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد ایم آر آئی ٹیسٹ تجویز کیا مگرپنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے مختلف حیلے بہانے بنائے گئے اور شہباز شریف کو انتظار کرایا جاتا رہا،شہباز شریف کی صحت خطرات سے دوچار ہونے کا ذمہ دار نیب، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور عمران خان ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صبح سے مختلف حیلے بہانے کئے جاتے رہے اور شہباز شریف کو انتظار کرایا جاتا رہا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد ان میں بعض علامات کی درست تشخیص کیلئے ایم آر آئی ٹیسٹ تجویز کیا تھا،کینسر سروایور کے ساتھ اس طرح کا سلوک موجودہ حکمرانوں کے ذہنی بیمار ہونے کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ایم آر آئی بلاتاخیر کرائی جائے۔
مریم اورنگزیب
حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی : مریم اورنگزیب، شہبازشریف کا طبی معائنہ نہ کرانے کی مذمت
Dec 31, 2018