لاہور، پشاور، کوئٹہ، کراچی، ملتان (نامہ نگار+ اے این این+ اے پی پی+ آئی این پی) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، موٹروے اور قومی شاہراہ پر دھند چھائی رہی، ملتان میں دھند کے باعث بس سمیت 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں پٹرولنگ پولیس افسر اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی ۔ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں بادل برسیں گے۔ ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ٹھنڈ کے ڈیرے، یخ بستہ ہوا¶ں نے خون جما دینے والی سردی کی کیفیت طاری کر دی۔ ہر طرف دھند ہی دھند، موٹروے اور قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی، بعض مقامات پر حد نگاہ صفر اور بعض جگہوں پر 50 میٹر رہی۔ ملتان کے قریب جلہ کے قریب شدید دھند کے باعث ایک بس سمیت 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں موٹروے پولیس کا پٹرولنگ افسر محمد سعید جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق خانیوال، راجپوت نگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، بہاولپور اور چنی گوٹھ میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ دھند سے متاثرہ علاقوں میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک رہ گئی ، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی، لاہور سے شیخوپورہ اورکوٹ مومن تک موٹروے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رہی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم فور پنڈی بھٹیاں، فیصل آبادا ورگوجرہ موٹروے شدید دھند کی وجہ سے بند رہی۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ منگل سے پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں بادل برسیں گے۔گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر بھی بارش متوقع ہے، بارشوں کا سلسلہ منگل اور بدھ تک جاری رہے گا۔ اتوار کو سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 14 ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی10، گلگت منفی 07، کالام اور ہنزہ منفی 06، کوئٹہ منفی 03، قلات منفی 02 رہا جبکہ اسلام آباد، پشاور منفی ایک، لاہور 2، فیصل آباد 2، ملتان 4 اور کراچی میں 12 ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں بھی صبح کے وقت میں کچھ مقامات پر ہلکی دھند چھائی رہی اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد رہا۔ کراچی میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر پہاڑوں پر بارش کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو گی۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ بارش کی لہر سے دھند کی صورتحال کا خاتمہ ہو جائے گا جو اس وقت پنجاب، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن کے میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہے۔ دریں اثناء ڈی آئی جی احمد ارسلان ملک نے کہا کہ موٹروے پولیس آفیسر نے فرض کی ادائیگی کے مسافروں کی جان و مال بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دوران ڈیوٹی شہادت کا درجہ حاص کر لیا، زخمی ہونے پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ محمد سعید چاہ شہیدانوالہ موضع چاندو تحصیل و ضلع بھکر کا رہائشی تھا سوگواران میں شہید نے ایک سال کی بیٹی اور بیوہ کو چھوڑا۔ شہید پولیس افسر کی نماز جنازہ پورے اعزاز کے ساتھ بھکر میں ادا کی جائے گی۔ ڈی آئی جی احمد ارسلان ملک نے کہا کہ شہید پٹرول آفیسر پیشہ ور دیانتدار اور بہادر پولیس افسر تھا کوشش کریں گے کہ شہید کے ورثاءکی ہر طور پر امداد اور کفالت کی جائے۔ فرض کی ادائیگیوں میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے آفیسر کی خدمات کو محکمہ کبھی فراموش نہیں کرے۔
دھند
دھند : ملتان میں پانچ گاڑیاں ٹکرا گئیں موٹروے پٹرولنگ پولیس افسر جاں بحق پانچ زخمی
Dec 31, 2018