دھند: ملتان میں 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں، موٹروے پولیس افسرجاں بحق، 5 افراد زخمی

اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی (خبر نگار+ اے این این+ اے پی پی+ آئی این پی) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، موٹروے اور قومی شاہراہ پر دھند چھائی رہی، ملتان میں دھند کے باعث بس سمیت 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر جاںبحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں بادل برسیں گے۔ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ٹھنڈ کے ڈیرے، یخ بستہ ہواؤں نے خون جما دینے والی سردی کی کیفیت طاری کر دی۔ ہر طرف دھند ہی دھند، موٹروے اور قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ بعض مقامات پر حد نگاہ صفر اور بعض جگہوں پر 50 میٹر رہی۔ ملتان کے قریب جلہ کے علاقے میں شدید دھند کے باعث ایک بس سمیت 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں موٹروے پولیس کا پٹرولنگ افسر جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق خانیوال، راجپوت نگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، بہاولپور اور چنی گوٹھ میں دھند چھائی ہوئی ہے ۔دھند سے متاثرہ علاقوں میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک رہ گئی ہے، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند ہے، لاہور سے شیخوپورہ اورکوٹ مومن تک موٹروے ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم فورپنڈی بھٹیاں، فیصل آبادا ورگوجرہ موٹروے شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری سفر کے دوران گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے ۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ منگل سے پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں بادل برسیں گے۔گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر بھی بارش متوقع ہے، بارشوں کا سلسلہ منگل اوربدھ تک جاری رہے گا۔ اتوار کو سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 14 ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی10، گلگت منفی 07، کالام اور ہنزہ منفی 06، ، کوئٹہ منفی 03، قلات منفی 02 رہا جبکہ اسلام آباد، پشاور منفی ایک، لاہور 2، فیصل آباد 2، ملتان 4 اور کراچی میں 12 ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں بھی صبح کے وقت میں کچھ مقامات پر ہلکی دھند چھائی ہوئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔ کراچی میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں مسافر این ایچ اینڈ ایم پی کی ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن