شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے سابق ضلعی نائب صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی چودھری غلام رسول بھٹی نے کہا ہے کہ اسلامی تہذیب و تمدن اور بہترین عادلانہ نظام کے محور یر چلائی جانیوالی ریاستیں ہی حقیقی معنوں میں اسلامی قوانین کی عملداری کا حق ادا کرتے ہوئے دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکتی ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل تو کیا گیا مگر اس میں آج تک اسلامی قوانین کا نفاذ ممکن نہیں ہوسکا جو یقینا لمحہ فکریہ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استعماریت ،کرپشن ،اقربا ء پروری کرنے والے قائد کے میعار پر کسی طرح پورا نہیں اترتے۔ انہیں حکمران بننے کا کوئی حق حاصل نہیں مگر ہر بار عوام کو بیوقوف بنا کر سازشوں اور دھاندلی کے ذریعے ایسے عناصر اقتدار میں لائے جاتے ہیں جن کا عوامی رائے سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہوتا بلکہ انہیں لانے والوں کی مرضی عوام پر ٹھونسی جاتی ہے اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔