شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) نوجوان نسل کو قائد اعظم اور ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار ونظریات سے روشناس کروانے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ آج ایک گہری عالمی سازش کے تحت پاکستان کے نوجوانوں کو بے راہ روی کا شکار کیا جارہا ہے جس کا مقصد مسلم نوجوانوں کو اپنے اسلاف اور آبائوو اجداد کے نظریات سے دو ر کرکے مغربی تہذیب کا دلدادہ بنانا ہے ، قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال نے اپنے پیغام اور کلام میں جس طرح نوجوانوں کو شاہین قرار دیکر انکی عقابی نظروں کو ترقی کی بلندیوں کو چھونے کا درس دیا، ان خیالات کا اظہار یوتھ ٹیلنٹ فورم کے چیئرمین اور حلقہ پی پی 139کے سابق امیدوار چوہدری ارسلان خالد ورک نے اپنے ڈیرہ پر منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چوہدری سجاول حسن ورک، چوہدری نوید احمد ورک، چوہدری محمد دلاور ڈھلوں، محمد نواز اشرف، چوہدری محمد عباس ورک، رانا علی رضا، پیر اصغر شاہ اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں قائداعظم کا نعم البدل نہیں ہے وہ پاکستان کی شان اور آن تھے قائداعظم کے پاکستان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان قائداعظم کا ہراول دستہ ہیں اور پاکستان کی بقا، خوشحالی و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرنا اب ان کی ذمہ داری ہے۔