لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) نئے پاکستان میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پرانے اور متنازعہ افسران کو دوبارہ بورڈ میں اہم عہدے دینے پر کام شروع کر دیا ہے۔ ماضی میں کرپشن الزامات کی زد میں رہنے والے شفقت نغمی کرکٹ بورڈ میں نئی اننگز کھیلنے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کو چیف اسٹرٹیجی امپلی مینٹیشن آفیسر کے عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شفقت نغمی ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔ان پر مالی بے ضابطگیوں، مختلف ٹھیکے اپنے من پسند افراد کو دینے کا الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام ٹیسٹ سنٹرز کے معاملات کی نگرانی کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مختلف سٹیڈیمز میں معمول کے کاموں کو چلانے کے لیے حکومتی تعاون اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ بعض اہم مقامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اچھے پیمانے پر کرکٹرز کے لیے کھیل کی بنیادی سہولیات فراہم کی ہیں لیکن ان پر بورڈ کا کنٹرول نہیں ہے۔ ٹیکس ادائیگی و معافی کے بہت سے کاموں میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مذاکرات کی ضرورت پیش آتی ہے حیران کن طور پر ان اہم کاموں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازعہ شخصیت کو اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ احسان مانی کے اب تک کیے گئے فیصلے سمجھ سے باہر ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ عمران خان کی ہدایات کے منتظر ہوتے ہیں کہ وزیر اعظم کچھ کہیں اور وہ اس پر عمل کریں۔شفقت نغمی پہلے بھی آئے تھے اس وقت انہوں نے کیا کارنامہ انجام دیا۔ہارون رشید نے ذاتی فائدوں کے علاوہ کیا کام کیا ہے۔سبحان احمد، ثاقب عرفان اور شفیق پاپا کس کارکردگی پر کرکٹ بورڈ میں کام کر رہے ہیں۔ احسان مانی باتوں کی حد تک تو بہت اچھے ہیں نرم زبان استعمال کرتے ہیں لیکن بحثیت چیئرمین وہ متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انکی وجہ سے تنازعات کا ہی سامنا رہا ہے۔ کرکٹ کمیٹی کی تشکیل ہو، ٹاسک فورس کا قیام یا دیگر فیصلے، مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شفقت نغمی کے لیے ایک نیا عہدہ تخلیق کیا جا رہا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے ایک سابق اہم عہدے دار نے بتایا کہ شفقت نغمی بورڈ سے فائلیں غائب کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق بورڈ چیف اسٹریٹیجی امپلیمینٹیشن آفیسر کے عہدے کی منظوری لی جا چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی یہ تمام کام بورڈ کے چیئرمین خود کیا کرتے تھے لیکن احسان مانی نے اس کام کے لیے بھی ایک نیا افسر بھرتی کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ایک طرف نئے بورڈ میں ملازمین کی پہلے سے موجود تعداد کو زیادہ قرار دے رہے ہیں تو دوسری طرف وہ بھاری معاوضوں پر اہم عہدوں پر تعیناتی کر رہے ہیں۔