لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 6اور7جنوری کو قومی اکیڈمی میں ہوں گے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی5جنوری کو لاہور میں جمع ہوں گے اوراگلے 2دن کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی فٹنس ٹیسٹ میں طلب کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں محمد رضوان کی ناقص کارکردگی کے بعد اب سلیکٹرز نے ایک بار پھر سرفراز احمد کی جانب دیکھنا شروع کردیا ہے اور انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے لیے فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کرنے کا پلان بنا لیا گیا ہے جسے پاس کرنے کی صورت میں انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوٹنی سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کرلیا جائیگا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر بلے باز ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ٹیم کی کپتانی بدستور بابر اعظم ہی کریں گے۔ ٹی ٹونٹی کپتان بابراعظم اورٹیسٹ قائد اظہر علی ان دنوں نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کھیل رہے ہیں،بورڈ نے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا، تمام کرکٹرز اب 5 جنوری کو لاہور میں یکجا ہونگے جہاں اگلے روز سے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہونا ہے۔بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کا فیصلہ نہ ہونے کے باوجود قومی کرکٹرز تیاری کریں گے۔ جنوری کے دوسرے ہفتے سے ٹریننگ کا پلان تیار کر لیا گیا۔ سری لنکا کیخلاف سیریز کے بعد کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا،بعض قومی کرکٹرز قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں حصہ لے رہے ہیں۔