انڈس موٹرز کیلئے اسٹاک ایکسچینج کی بہترین پرفارمنگ کمپنی کا ایوارڈ

کراچی(کامرس رپورٹر)ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کو شاندار کارکردگی اور لگن کے اعتراف میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج (PSX) ٹاپ 25 پرفارمنگ کمپنیز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ علی اصغر جمالی، سی ای او انڈس موٹر نے وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ ہفتے کراچی میں گورنر ہائوس میں منعقدہ (PSX) ایوارڈ تقریب کے دوران یہ ایوارڈ وصول کیا۔پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈ تمام صنعتوں میں ٹاپ کمپنیوں کی اعلی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے، ڈیوڈنڈ، پے آئوٹ، کیپٹل ایفی شینسی، منافع، حصص کی آزادانہ خرید و فروخت، کارپوریٹ گورننس اور سرمایہ کارانہ تعلقات کے جامع معیارات کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی اصغر جمالی نے کہا کہ پی ایس ایکس ایوارڈ کارپوریٹ شعبے کی کارکردگی کے اعتراف کے حوالے سے پاکستان کا ایک بڑا ایوارڈ ہے۔ اس ایوارڈ کا حصول مینجمنٹ ٹیم اور کارپوریٹ سطح پر بہترین کارکردگی سے متعلق بہت معنی رکھتا ہے۔2016-18ء کے لئے نمایاں فہرست میں شامل ہونا ہمارے لئے باعث مسرت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ایوارڈ انڈس موٹر کی سخت محنت کا ثبوت ہے جو وہ اپنی مصنوعات کی تیاری میں صرف کرتی ہے اور ہمارے معیار کا اعتراف ہے، جسے ہم اپنے فلسفے میں برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سنگ میل سے ہمارے معیارات میں مزید بہتری لانے کے لئے ہمیں مزید متحرک ہونے میں مدد ملے گی۔ ہمیں احساس ہے کہ یہ ایوارڈ ایک ایسا معیار قائم کرتا ہے جسے ملک کی ایک نمایاں آٹو موبائل مینوفیکچرر کی حیثیت سے برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن