کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دوہزار بیس میں انٹر نیشنل کرکٹ کے حوالے سے مکمل شیڈول جاری کردیا گیا۔ گرین شرٹس آئندہ بارہ ماہ کے دوران ایشیاء کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت سات ٹیسٹ، بارہ سے زائد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لیں گے۔ آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق پاکستان کو دوہزار بیس میں اپنی مہم جوئی کا آغاز جنوری فروری میں اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش کے خلاف کرنا ہے جب دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پنجہ آزما ہوں گی تاہم بنگلہ دیشی بورڈ اس دورے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ اگر یہ ہوم سیریز ممکن ہو جاتی ہے تو اس کے بعد قومی ٹیم جولائی میں تین ون ڈے میچوں کیلئے ہالینڈ جائے گی۔ انگلینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جولائی ، اگست میں رکھی گئی ہے۔ گرین شرٹس کا اگست میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آئر لینڈ سے بھی سامنا ہوگا۔ برطانوی سرزمین پر میزبان ٹیم کیخلاف اگست، ستمبر میں پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لے گا۔ بنگلہ دیش ، پاکستان ،افغانستان اور بھارت سمیت چھ ٹیموں پر مشتمل ایشیاء کپ ستمبرمیں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اکتوبر میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔ اکتوبر ، نومبر میں گرین شرٹس آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کیلئے آسٹریلیا کا رخ کریں گے۔ پی سی بی نومبر دسمبر میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہوم سیریز میں زمبابوے کی میزبانی کرے گا جبکہ قومی ٹیم دسمبر، جنوری میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کیلئے نیوزی لینڈ جائے گی۔