بغداد ( انٹر نیشنل ڈیسک )عراقی حکام نے بتایا ہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کے زیر قبضہ دو اہم آئل فیلڈز کی بازیابی کا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں آئل فیلڈز ملکی دارالحکومت بغداد کے جنوب مشرق میں واقع شہر ناصریہ میں ہیں۔ ان تیل کے کنوؤں کے احاطے میں سینکڑوں مظاہرین ہفتہ اٹھائیس دسمبر کو داخل ہوئے تھے۔ ان آئل فیلڈز سے تیل کی پیداوار ہفتے کے دن سے بند ہے۔ مظاہرین نے ان آئل فیلڈز کی بجلی کاٹنے کے علاوہ تمام ملازمین کو باہر نکال دیا تھا۔ قبضے کے وقت سے آئل فیلڈز کا کنٹرول اسٹیشن بھی پوری طرح بند ہے۔ ناصریہ کے تیل کے کنوؤں سے روزانہ کی بنیاد پر اسی سے پچاسی ہزار بیرل تیل حاصل کیا جاتا ہے۔