لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقدہوا،جس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ، مارکیٹوں میں طلب ورسد کی صورتحال اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا-ڈی جی انڈسٹریز،ڈی جی پی آراور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلا س میں شرکت کی-صوبہ بھر سے کمشنر وڈپٹی کمشنر زنے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی-صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی کاوشوں اور پرائس کنٹرول میکنزم پرموثر عملدرآمد سے قیمتوں میں نمایاں استحکام آیاہے تاہم پسماندہ علاقوں میں ابھی تک اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کی شکایات ہیں،انتظامیہ صورتحال بہتر بنائے-انہوں نے کہاکہ صارفین قیمت پنجاب ایپ ڈائون لوڈ کریں اور اشیاء ضروریہ کی حقیقی قیمتیں جانیں-قیمت ایپ پنجاب پر روزانہ کی بنیاد پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں درج کی جاتی ہیں-عوام اشیاء ضروریہ کی زیادہ قیمت ہر گز ادا نہ کریں،گراں فروشی پر 0800-02345پر شکایت درج کرائیں-انہوں نے کہاکہ گراں فروشی کے خلاف آنے والی شکایات کے ازالہ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں-
حکومتی کاوشوں اور میکنزم پرموثر عملدرآمد سے قیمتوں میں نمایاں استحکام آیاہے :اسلم اقبال
Dec 31, 2019