2019ئ،نیب نے کرپشن الزامات پربڑے پیمانے پرگرفتاریاں کیں

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)قومی احتساب بیورو نے سال 2019 کے دوران اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیںسابق صدر،وزیر اعظم اور کئی طاقتور بیور کریٹس اور سابق وزرا سمیت با اثر ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ گزشتہ دوسال کے دوران لوٹے گئے 178ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں، اس وقت احتساب عدالتوں میں نیب کے 1260بدعنوانی کے ریفرنسز زیر سماعت ہیں جنکی کل مالیت تقریباََ 943ارب روپے ہے،کار کر دگی کے حوالے سے 94ارب روپے کی ریکوری کے ساتھ نیب راولپنڈی سر فہرست رہا۔نیب ذرائع کے مطابق نیب نے سال 2019 میں بھرپور کاروائیاں کیں ، سابق صدر، وزیر اعظم، وزرا سمیت بڑے ملزمان گرفتار کئے، پلی بارگین کی ذریعے اربوں روپے کی ریکوری ہوئی ۔نیب پنڈی نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال، جعلی اکاونٹس کیس میں ، آصف زرداری، فریال تالپور اور اومنی گروپ کے مجیدوں سمیت 66ملزمان کو گرفتار کیا۔نیب لاہور نے حمزہ شہباز،فواد حسن فواد،خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ مختلف نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کی طرف سے عوام سے پلاٹوں کے نام پر لوٹی گئی رقم ریکور کر کے متاثرین کو واپس کی،نیب کے تمام سات ریجنل بیوروز میں نیب پنڈی کی سب سے بڑی 94ارب کی ریکوری ہوئی سال 2019 میں نیب پنڈی نے 32کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے رواں سال نیب پنڈی نے 162انکوائریز، 39انوسٹی گیشنز کیں،مضاربہ سیکنڈل میں مجرمان کو 14سال سزا،2ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔ نیب ترجمان کے مطابق آئندہ سال بھی لوٹے گئے اربوں روپے کی ریکوری ہوگی کیونکہ درجنوں ملزمان نے پلی بارگین کی درخواستیں دے رکھی ہیں جن کی جلد منظوری ہو جائے گی۔نیب کا بنیادی کام احتساب اور بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی ملکی دولت کو ریکور کرنا ہے۔موجودہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب نے گزشتہ دوسال کے دوران مجموعی طور پر بدعنوان عناصر سے بلاواسطہ اور بلواسطہ لوٹے گئے 178ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے جبکہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو کہ نیب کی نمایاں کامیابی ہے ۔گزشتہ دوسال کے دوران نیب لاہورنے 36.333ارب روپے،کراچی50ارب روپے،خیبرپختونخوانے 0.363ارب روپے،بلوچستان نے 0.646ارب روپے،راولپنڈی نے 50ارب روپے،،سکھرنے 2.899ارب روپے اور نیب ملتان نے8.226ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن