امریکی ریاست اوٹاہ سے تعلق رکھنے والے بین ورکمین نامی نوجوان آج کل مختلف چینل اور اخباروں کی سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
بین ورکمین ایک عام انسانوں کی طرح نہیں ہیں کیونکہ ان کے ہاتھوں میں 4 الیکٹرانک چپس نصب ہیں جس کی مدد سے وہ مختلف کام سرانجام دیتے ہیں۔
نوجوان اپنے ہاتھ میں لگی چپ کی مدد سے ٹیسلا کار کو صرف چھو کر اسکا لاک کھول لیتے ہیں اور جب یہ ایسا کر رہے ہوتے ہیں تو لوگوں کو یہ ایک جادو کی طرح لگتا ہے۔
بین ورکمین کے ہاتھوں میں لگی چار چپس مختلف کام سرانجام دیتی ہیں، جن میں گاڑی کا لاک کھولنے سے لے کر اپنے کمپیوٹر کا لاک کھولنا تک شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی سے ہمیشہ ہی متاثر ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں یہ چپس نصب کروالی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہاتھوں میں نصب کی جانے والی دو چپس ان کے خاندان کے ہی ایک فرد نے نصب کی ہیں جب کہ انہوں نے باقی چپس ڈاکٹر اور ’پیرسنگ اسٹوڈیو‘ سے نصب کرائی ہیں۔
بین ورکمین کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ جو اس بارے میں نہیں جانتے کہ میرے ہاتھ میں چپس نصب ہیں میں ان کو بے وقوف بناتا ہوں کیونکہ وہ اسے جادو سمجھتے ہیں۔دوسری جانب نوجوان کے بائیں ہاتھ میں ایک مقناطیس بھی نصب ہے جس کی مدد سے وہ مختلف کرتب بھی کرتے ہیں۔