لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ لیکن حکومت عوا م پر مہنگائی کے بم برسانے سے باز نہیں آرہی۔ بجلی اور پٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا حکومتی فیصلہ ظلم کی انتہاء ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے غربت مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کر یں۔ دوسرے ممالک کی شہریت اور اقامے رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ اور سیاستدان کسی معافی کے مستحق نہیں۔ انکا احتساب فوری کیا جائے۔ کرپشن کرنیوالوں کا بلاتفریق اور شفاف احتساب لازم ہے۔ حکومت ریاست مدینہ بنانے اور معیشت کو مضبوط کرنے میں سنجیدہ ہے تو فوری طور پر حکومت سود کیخلاف عدالتوں سے اپنی اپیل واپس لے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا عبد الر ائوف ملک، پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا عبد الستار نیازی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، قاری حبیب الرحمن اسلام آبادی، مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی اور پروفیسر نعیم الرحمن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ بھی عوام کے خیر خواہ نہیں وہ صرف اور صرف اپنی کرپشن کی دولت بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن ہی نہیں حکمران طبقے میں بھی جہاں کرپشن اور لوٹ مار کرنیوالے لوگ موجود ہیں انکو نشانہ عبرت بنایاجائے۔
حکومت سنجیدہ ہے تو سود کے خلاف عدالتوں سے اپیل واپس لے: علامہ زبیر ظہیر
Dec 31, 2020