شہزادے کے وار پر مولانا اور راجکماری کی  سیاست آر پار ہوگئی:  فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا غیرفطری اتحاد طبعی موت مر چکا ہے۔ شہزادے کے وار  پر مولانا اور راجکماری کی سیاست آر پار ہوگئی‘ مولانا ناراض اور راجکماری پریشان ہے۔ راجکماری کو مشورہ ہے کہ وہ جاگتے میں خواب دیکھنا چھوڑ دے اور حقیقت کا سامنا کرے۔ کنیزوں کی حالت قابل رحم ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا پی ڈی ایم کا یہ ٹولہ پرانی تنخواہ پر واپس آ چکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے شاہی خاندانوں کی موروثی  سیاست کو عوامی طاقت سے تہس نہس کر دیا ہے۔ کرونا پر پوائنٹ سکورنگ کرنے والی اپوزیشن کو اپنی بقا کے لالے پڑ چکے ہیں۔علاوہ ازیں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں انصاف ویلفیئر ونگ کے زیر اہتمام ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  خواتین سے متعلق بدکلامی و بدزبانی میں جھنڈے گاڑھنے والے خواجہ آصف بتائیں کہ یہ ناجائز اثاثے کس ٹریکٹر ٹرالی پر لادکر پاکستان لائے گئے؟۔ ن لیگ آزاد کشمیر کے یوم تاسیس پر مریم نوازکے خطاب پر فردوس عاشق اعوان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کہ رہی  ہیں کہ وہ ایک دلیر آدمی کی بیٹی ہیں۔ دراصل وہ ایسے دلیر آدمی کی بیٹی ہے مشکل میں فرار ہونا جس کا وطیرہ ہے۔ مصیبت پڑنے پر خود راہ فرار اختیارکرنے والے آزادی کیلئے کشمیریوں کوکس منہ سے ڈٹ جانے کا پیغام دے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن