کل سے بھٹوں کو چلائینگے روکنے  پر مزاحمت کرینگے: امجد جگوال 

  ملتان (نیوز رپورٹر) آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدر امجد جگوال نے کا کہا ہے کہ یکم جنوری سے بھٹوں کو چلائیں گے،انتظامیہ نے اگر روکنے کی کوشش کی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔بھٹوں کی بحالی کی جدوجہد دراصل ہماری بھوک کی جنگ ہے۔اگر 7نومبر سے بندش کے شکار بھٹوں کو یکم جنوری سے  چلانے کی اجازت نہ ملی  تو ہم مزدوروں سمیت اخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھٹوں کی نئے سال کے آغاز پر کھولنے کیلئے جنوبی پنجاب اور صوبہ بھر میں رابطے مکمل کرلیے ہیں اور ہماری حکومت سے متفقہ اپیل ہے کہ ہم پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کو مسلط نہ کیا جائے۔ ہم بھی صاف شفاف ماحول کیلئے حکومت کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے ساتھ ہیں۔ زگ زیگ کے متبادل حقہ سسٹم۔شاورنگ سسٹم اور ڈرائیر سسٹم کو اپنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں بلکہ ہم تو اپنی بچوں کی روزی روٹی کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ہم نے عدالت عالیہ کے حکم کی تعمیل حکومت کی رٹ کو تسلیم کرتے ہوئے 7نومبر سے 31دسمبر تک بھٹوں کو بند رکھا۔ اب ہم بھٹہ مزدوروں کے گھروں پر نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔اس لیے خدارا ہمیں یکم جنوری سے بھٹوں کو چلانے  کی اجازت دی جائے۔  انہوں نے ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس کی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدرملتان عمر فاروق۔صدر خانیوال جاوید جٹ۔صدرشجاع آباد انعام اللہ خان مگسی۔ صدرجلال پور سید لطیف۔صدر ڈیرہ غازیخان محمد کمال جام صدر کوٹ چھٹہ عبداللہ خان اور صدر جام پور ملک رشید نے اپنے خطاب میں کل نئے سال کے آغاز پر یکم جنوری سے بھٹے کھولنے کی متفقہ قرار داد کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ناقص ترین قرار دی گئی زگ زیگ ٹیکنالوجی کو ہم پر مسلط کرنے سے گریز کیا جائے۔ اگر ہمیں بھٹے کھولنے کی اجازت نہ دی گئی توپھر ہم صوبہ بھر کے بھٹہ مالکان اور مزدور لاہور پہنچ کر وزیراعلی ہائوس کے سامنے احتجاج اور دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن