لاہور (کلچرل رپورٹر) صوبائی وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے پنجاب انسٹیٹیوف آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کا دورہ کیا۔ اِس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف نے انہیں خوش آمدید کہا اور پِلاک کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے پنجابی زبان اور فن و ثقافت کی ترویج و ترقی کے لئے پِلاک کی کوششوں اور ادارے کے تحت شائع ہونے والی پنجابی لغت کی بے حد تعریف کی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجابی زبان کو پرائمری سطح پر لازمی مضمون کے طور پرلاگو کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی زبان اور ثقافت کے فروغ اور تحفظ کے لیے وہ ہمہ وقت تعاون کے لئے تیار ہیں۔ بریفنگ کے بعد انہیں پِلاک کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا جس میں ایف۔ ایم۔ 95 پنجاب رنگ، پنجاب آرٹ گیلری، پِلاک لائبریری اور پِلاک آڈیٹوریم شامل تھے۔ اِس دوران انہوں نے معروف مصور اسلم کمال سے ملاقات کی اور اُن کی پِلاک میں ’’پنجاب کے تخلیقی پس منظر‘‘ کے موضوع پر بنائی جانے والی پینٹنگ بھی دیکھی اور اُن کی اِس کاوش کو بھرپور سراہا۔
پنجابی کو پرائمری سطح پر لاگوکرنے کی کوشش کرینگے:خیال احمد کاسترو
Dec 31, 2020