نیشنل بُک فائونڈیشن کراچی مرکز میں بریل کتابوں کی طباعت کو بڑھایا جائے گا

Dec 31, 2020

کراچی(پ ر ) نیشنل بُک فائونڈیشن کراچی مرکز میں بریل کتب کی طباعت کو بڑھایا جائے گا ۔این بی ایف پاکستان بھر میں بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل کتب بلاقیمت فراہم کرتا ہے اوراس سلسلے میں مزید سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ لوگوں کو بصارت سے محروم افراد کے مسائل سے آگہی کے لیے ورکشاپس اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا اور ان افراد کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل بُک فائونڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر قیصر عالم نے این بی ایف ریجنل آفس کراچی، بریل کمپلیکس میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بُک فائونڈیشن پاکستان میں کتاب کلچر کے فروغ کے لیے نمایاں کام سرانجام دے رہا ہے اور خصوصاً بریل کتب کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کے اقدام کرے گا۔ اجلاس میں مینیجنگ کمیٹی پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ پشاور کے چیئرمین قاری سعد نور، کمیٹی کے ممبر ریاض حسین میمن ، مینیجنگ کمیٹی سندھ ٹیکسٹ بورڈ کراچی کے نمائندے تیمور علی اور این بی ایف ریجنل آفس کے انچارج سیّد رضا شاہ سمیت دیگر عہدے داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل بُک فائونڈیشن کے زیرِ طباعت بریل کتب اور بصارت سے محروم افراد کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور متعلقہ کتب کو آڈیو بکس میں تبدیل کرنے کے معاملات زیر بحث لائے گئے ۔

مزیدخبریں